راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ میں 21، 22 اور 23 ستمبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیئے گئے آپریشنز میں 19 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 21 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے’شابان‘میں سیکیورٹی فورسزنے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران 13دہشتگردوں کو ہلاک کیا، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا ۔ یہ دہشتگرد مقامی آبادی کیلئے خطرہ بنے ہوئے تھے ، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔21ستمبر کی کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن علاقے سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب 22 اور23 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے کیچ اور کوئٹہ میں خفیہ اطلاعات پرآپریشنز کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں تونسہ شریف کے 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل شہید ہو گئے ۔
سیکیورٹی فورسز کےآپریشنز کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ویژن “عزمِ استحکام” کےتحت دہشتگردی کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے 19دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے شہید صوبیدارمحمد جمیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید صوبیدار محمد جمیل کی قربانی قوم کیلئےباعثِ فخر ہے۔ وزیراعظم نے شہید صوبیدار محمد جمیل کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
مزید پڑھیں:15 اکتوبر سے مشین ریڈایبل پاسپورٹ نہیں صرف ای پاسپورٹ جاری کئےجائینگے
دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسزکی کارروائیاں جاری رہیں گی، غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے دہشتگردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا، قوم دہشتگردی کیخلاف بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔









