نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان ایران تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن و استحکام کیلئے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت اجاگر کی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کا اعادہ کیا۔ پاکستان اس معاملے پر مذاکرات اور سفارت کاری کو اہم راستہ قرار دیتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈالر سستا، ملکی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 81 کروڑ ڈالر سےمتجاوز، اسٹیٹ بینک
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے قریبی رابطہ اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔









