پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں بورہ پستہ ونی کے مقام پر کان بیٹھنے کے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ملبے تلے دبنے والے تینوں افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جن کی لاشیں ریسکیو ٹیموں نے طویل آپریشن کے بعد باہر نکال لی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں پیش آنے والے اس کان کے حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی دشوار گزار مقام پر کئی گھنٹوں کی مسلسل کارروائی کے بعد ملبے تلے دبنے والے تینوں افراد کے جسد خاکی تلاش کر کے باہر نکال لیے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کان میں حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ ہوئیں اور فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ اس مشکل آپریشن میں کل 4 ایمبولینسز، دو ڈیزاسٹر وہیکلز اور 20 سے زائد تربیت یافتہ ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ترجمان کے مطابق ریسکیو عملے نے مشکل اور دشوار گزار علاقے کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن جاری رکھا اور بالآخر تینوں افراد کی لاشیں نکال کر ضروری قانونی و ضابطہ کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیں۔









