بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئس لینڈ کا نیتن یاہو کے ‘اخلاقی بزدل’ والے بیان پر سخت جوابی وار

آئس لینڈ(Iceland) کی وزیر خارجہ تھورگیر دور کترین گونارس ڈوٹیر نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے اسرائیل کے ناقدین کو ’اخلاقی بزدل‘ قرار دیے جانے پر سخت ردعمل دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے آئس لینڈ کی وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کو فلسطینی شہریوں کی تکالیف کو معمول کی بات سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

تھورگیر دور کترین گونارس ڈوٹیر کا کہنا تھا کہ غزہ میں بچے اب بھی مارے جا رہے ہیں، خاندان اب بھی اپنے گھر کھو رہے ہیں اور والدین بار بار اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہریوں کی تکلیف کو ’پس منظر کا شور‘ نہیں بننے دینا چاہیے اور عالمی برادری کو غزہ کی صورتِ حال پر اپنی توجہ برقرار رکھنی چاہیے۔

آئس لینڈ کی وزیر خارجہ نے نیتن یاہو کے ’اخلاقی بزدل‘ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس پلیٹ فارم سے اخلاقی بزدل کے الفاظ سنے ہیں۔

مزیدپڑھیں:ایران کو تنہا کرنے کی مہم: امریکی وزیرِ خزانہ کا دنیا بھر میں سفارتی کارروائیوں کا انکشاف

انہوں نے مزید کہا کہ میرے نزدیک اخلاقی بزدل وہ رہنما ہیں جو منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے سے انکار کرتے ہیں۔

گونارس ڈوٹیر کے مطابق وہ لوگ بھی اخلاقی بزدل ہیں جو شدید ضرورت میں مبتلا افراد تک انسانی امداد پہنچنے سے روکتے ہیں اور بار بار عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا یہ صورتِ حال قبول نہیں کر سکتی کہ غزہ کو بار بار تباہ کیا جائے اور پھر دوبارہ تعمیر کیا جائے، جبکہ تنازع کی بنیادی وجہ بدستور موجود رہے۔

آئس لینڈ کی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں پائیدار امن کے لیے صرف تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو کافی نہیں بلکہ تنازع کی بنیادی وجوہات کا حل بھی ضروری ہے۔