لاہور:وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے ملاقات کی، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم نے خطاب میں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کی مؤثر نمائندگی کی۔
حمزہ شہباز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کی خواہاں ہے۔
مزید پڑھیں:2027 کا ورلڈ کپ جیتنا ہدف، تیاری مکمل ہے، ویرات کوہلی
انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران انجینئر امیر مقام کی کاوشوں اور محنت کو سراہا اور آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام پر انہیں مبارکباد دی۔









