چین کے شہر چینگدو سے 2 دیوہیکل پانڈا 10 سالہ قیام کے لیے امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا روانہ ہوگئے۔
چینی حکام کے مطابق پنگ پنگ اور فو شوانگ کو اتوار کی صبح چارٹرڈ پرواز کے ذریعے چینگدو شوانگ لیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اٹلانٹا کے لیے روانہ کیا گیا۔ روانگی سے قبل چینگدو ریسرچ بیس آف جائنٹ پانڈا بریڈنگ میں دونوں پانڈا کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
طویل سفر کے دوران ان کی صحت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے تازہ بانس، بانس کی کونپلیں، سیب اور ہنگامی ادویات سمیت ضروری سامان فراہم کیا گیا، جبکہ انہیں سفر کے دوران ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے خصوصی تربیت بھی دی گئی۔
چینی اور امریکی ماہرین دونوں پانڈا کی پرواز کے دوران صحت کی مسلسل نگرانی کریں گے۔ اٹلانٹا پہنچنے پر پنگ پنگ اور فو شوانگ کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور طبی معائنہ کیا جائے گا، جبکہ چینی ماہرین اور نگہداشت کرنے والا عملہ بھی ابتدائی عرصے میں ان کے ساتھ موجود رہے گا۔
پانڈا ڈپلومیسی کیا ہے؟
چین کے دیوہیکل پانڈاز کئی دہائیوں سے بین الاقوامی تعلقات میں بھی استعمال ہوتے رہے ہیں۔ چین کی جانب سے دوسرے ممالک کو پانڈاز دینے یا معاہدوں کے تحت بھیجنے کے عمل کو عام طور پر ’پانڈا ڈپلومیسی‘ کہا جاتا ہے۔
اس روایت کو خاص طور پر 1972 میں اہمیت ملی، جب امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورۂ چین کے بعد بیجنگ نے امریکہ کو دو دیوہیکل پانڈاز دیے تھے۔ اس وقت پانڈاز کو دونوں ممالک کے درمیان نئے تعلقات کی علامت کے طور پر دیکھا گیا تھا۔
چین نے 1984 کے بعد پانڈاز کو مستقل طور پر تحفے میں دینے کے بجائے عموماً معاہدوں کے تحت دوسرے ممالک کے چڑیا گھروں کو بھیجنا شروع کیا۔
ایسے معاہدوں میں پانڈا تحفظ اور تحقیق سے متعلق تعاون شامل ہوتا ہے، جبکہ بیرونِ ملک پیدا ہونے والے پانڈا کے بچے بھی چین کی ملکیت رہتے ہیں اور بعد میں چین واپس بھیجے جاتے ہیں۔
دیوہیکل پانڈا چین سے جڑا ہوا ایک نمایاں جانور ہے اور چین نے کئی دہائیوں سے اسے بیرونِ ملک چڑیا گھروں کے ساتھ تعاون اور تحفظِ جنگلی حیات کے پروگراموں میں شامل کیا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان اپنا سمندر غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگا، سینیٹرعبدالقادر
ماہرین کے مطابق پانڈا ڈپلومیسی کی خاص بات یہ ہے کہ ایک ایسا جانور جو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، چین اسے ثقافتی کشش، تحفظِ جنگلی حیات اور بین الاقوامی سفارت کاری کو جوڑنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔









