بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت(Gold Rates) میں پیر کے روز ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور اس کے نتیجے میں افراطِ زر کے خدشات میں اضافہ ہے۔ مارکیٹ میں اس صورتحال کے باعث امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات بھی مضبوط ہوئی ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.5 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 223.95 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 1.5 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 257.90 ڈالر فی اونس پر آگئے۔

کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر نے کہا کہ بلند بانڈ ییلڈز اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا امتزاج سونے کی قیمت پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ ان کے مطابق تیل کی ترسیل سے متعلق ملنے والے ملے جلے اشاروں کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے سرمایہ کاروں کی توجہ افراط زر کے خدشات پر مرکوز ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے سفارت کاری کو واحد راستہ قرار دیا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے اور جنگ ختم کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ اس پیش رفت کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدپڑھیں:پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آج شروع ہوں گے

امریکی فیڈرل ریزرو نے رواں ماہ شرح سود میں 0.25 فیصد اضافہ کرکے ہدف شرح 3.75 سے 4 فیصد کردی تھی۔ سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق اکتوبر میں امریکی شرح سود میں اضافے کا امکان 66 فیصد ظاہر کیا گیا ہے۔

توانائی کی بلند قیمتیں معیشت کے مختلف شعبوں میں اخراجات بڑھا کر افراط زر میں اضافہ کرسکتی ہیں، جبکہ بلند شرح سود ایسے اثاثوں کی طلب کو متاثر کرتی ہے جو باقاعدہ منافع یا سود ادا نہیں کرتے، جس میں سونا بھی شامل ہے۔

ادھر دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، چاندی 2.6 فیصد، پلاٹینم 2.1 فیصد جبکہ پیلیڈیم کی قیمت 2.1 فیصد کم ہوگئی۔