بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پروف آف لائف سرٹیفکیٹ : پنشنرز کی بڑی مشکل آسان

 ریٹائرمنٹ کے بعد پینشنرز کو اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دینے کیلیے ہر چھ ماہ بعد متعلقہ بینک جانا ہوتا ہے لیکن اب نادرا(Nadra) نے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری کرکے یہ پریشانی بھی ختم کردی۔

بہت سے بزرگ افراد اپنی کمزوری، بیماری یا کسی قسم کی معذوری اور مجبوری کے تحت بینک جانے سے قاصر ہوتے ہیں۔

نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے جس کی ذریعے پینشنرز کی یہ مشکل آسان ہوجائے گی اور گھر بیٹھے ان کا یہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

اس حوالے سے نادرا ترجمان شباہت علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ، نادرا رجسٹریشن مراکز، یونین کونسلز، ای سہولت فرنچائزز اور نادرا کی موبائل سروسز کے ذریعے ملک بھر میں دستیاب ہے۔

پنشن کی رقم کی منتقلی
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پنشن کے حصول کا مسئلہ بھی حل کیا جاسکتا ہے، جس کا عمل مکمل کرنے کے بعد درخواست الیکٹرانک طریقے سے متعلقہ پنشن جاری کرنے والے ادارے تک منتقل ہوجائے گی، بعد ازاں پنشن کی رقم بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں:تین کرکٹرز کو شہید کرنے والا دہشت گرد انجام کو پہنچ گیا

ترجمان کے مطابق شہری موبائل ایپلی کیشن پر اپنی مطلوبہ کارروائی مکمل کرکے جیسے ہی درخواست جمع کرے گا، اس کا ڈیٹا اور درخواست الیکٹرانک طور پر متعلقہ پنشن جاری کرنے والی اتھارٹی تک پہنچ جائے گی۔

اس طریقہ کار کو ای میل کی مثال سے سمجھا جاسکتا ہے کہ جیسے ای میل بھیجنے کے لیے بٹن دبانے کے بعد پیغام فوری طور پر متعلقہ شخص تک الیکٹرانک انداز میں منتقل ہوجاتا ہے، اسی طرح موبائل ایپ پر پنشن سے متعلق عمل مکمل ہونے کے بعد درخواست بھی متعلقہ اتھارٹی کو موصول ہوجائے گی۔

متعلقہ پنشن جاری کرنے والی اتھارٹی درخواست موصول ہونے کے بعد پنشن کی رقم منتقل کرنے کے لیے متعلقہ بینک کو ہدایات دے گی۔ اس کے بعد مقررہ رقم پنشنر کے متعلقہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جاسکے گی۔

سید شباہت علی کا مزید کہنا تھا کہ اس ڈیجیٹل طریقہ کار کا مقصد پنشن کے حصول اور ادائیگی کے عمل کو کاغذی کارروائی اور روایتی مراحل سے ہٹاکر زیادہ تیز اور آسان بنانا ہے۔