کراچی: ( کامرس ڈیسک) روپے کی قدر میں کمی کا رحجان تبدیل، انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے تک اور اوپن مارکیٹ میں 7روپے تک سستا ہو گیا ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت240، انٹر بینک میں 239روپے ہو گئی، یورو اور پاؤنڈ کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی.
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کاکہناہےکہ پاکستان مشکلات سے نکل گیا،بیرونی ادائیگیاں بروقت کرینگے۔
فاریکس ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 75 پیسے کی کمی سے 239.50 روپے سے کم ہو کر 238.75 روپے اور قیمت فروخت ایک روپے کی کمی سے 240.00 روپے سے کم ہو کر 239.00 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی پیر کو جمعہ 29جولائی کی نسبت ڈالر کی قیمت خرید5روپے کی کمی سے 243.00 روپے سے کم ہو کر 238.00 روپے اور قیمت فروخت 7 روپے کی کمی سے 247.00 روپے سے کم ہو کر 240.00 روپے پر آگئی ہے ،جبکہ ہفتہ 30 جولائی کی نسبت قیمت خرید میں 2 روپے اور قیمت فروخت میں 3 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے.
فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید جمعہ 29 جولائی کی نسبت 2.50 روپے کی کمی سے 247.00 روپے سے کم ہو کر 244.50 روپے اور قیمت فروخت 4 روپے کی کمی سے 251.00 روپے سے کم ہو کر 247.00 روپے ہو گئی جبکہ4 روپے کی کمی سے برطانوی پائونڈ کی قیمت خرید 296.00 روپے سے کم ہو کر 292.00 روپے اور قیمت فروخت 300.00 روپے سے کم ہو کر 296.00 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب عالمی جریدے ʼبلوم برگ کو انٹریو دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان مشکلات سے نکل گیا ، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں۔









