اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے ملک میں ڈیزل کی قیمتوں کےفارمولے میں تبدیلی کی سفارش کردی۔
ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق غیرمعمولی حالات میں ریفائننگ مارجن41 سے30 ڈالر کرنے کی سفارش ہے، جنگی حالات میں ڈیزل قیمت حقیقی خام تیل لاگت اور 30 ڈالر مارجن پر مقرر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل قیمت میں شامل 10 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ختم کرکے حقیقی درآمدی ڈیوٹی واپس کرنے کی سفارش ہے، اوگرا اور کے پی ایم جی کو جنگی حالات کیلئے نیا خام تیل پر مبنی فارمولا بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
پی ایس او کو ڈیزل کا واحد درآمد کنندہ بنانے،اضافی لاگت آئی ایف ای ایم سے ادا کرنے کی تجویز ہے، فریٹ لاگت کم کرنے اور ڈی ریگولیشن کیلئے ملک بھر کے ڈپو نیٹ ورک کا جائزہ مکمل کرلیا گیا، آئی ایف ای ایم فریٹ پول سے 6 ڈپو نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیا، متعدد مقامات متاثر ہوں گے۔
اوگرا آئل کمپنیوں کو متعلقہ ڈپوز پر مصنوعات ذخیرہ برقرار رکھنے کی ہدایت کرے گا، یکم جنوری 2027 سے 6 ڈپو آئی ایف ای ایم فریٹ کیلکولیشن سے خارج ہوں گے، اوگرا دسمبر 2026 تک فریٹ ایکولائزیشن فارمولےمیں ضروری ترامیم مکمل کرے گا۔
دوسری جانب ڈیزل کے برعکس پیٹرول کی موجودہ قیمتوں کا نظام برقرار رہے گا فوری تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی، مبینہ زائدالمیعاد انجیکشن لگنے سے 30 سالہ شخص جاں بحق
واضح رہے کہ پاکستان میں 30 جون 2027 تک پیٹرول مارکیٹ کی مکمل ڈی ریگولیشن کا ہدف مقرر ہے، پیٹرول ڈی ریگولیشن کیلئے مرحلہ وار روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اوگرا کو آئل سیکٹر کنسولیڈیشن پر جامع پالیسی بیان جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔









