اسلام آباد: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت ایکسیس ٹو فنانس سٹیئرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا جس دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کا حجم 23 ارب روپے بڑھ گیا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جون میں ایس ایم ای فنانسنگ 1.114 ٹریلین روپے تھی، ستمبر 2026 میں 1.137 ٹریلین روپے ہوگئی، ایس ایم ای قرض لینے والوں کی تعداد 25 ہزار سے زائد بڑھ کر 3 لاکھ 50 ہزار 862 ہوگئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جون 2028ءتک ایس ایم ای فنانسنگ 2 ٹریلین روپےتک بڑھانے کا ہدف ہے۔ جون 2028ءتک ایس ایم ای قرض لینےوالوں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزارتک بڑھانےکاہدف ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیرخزانہ نے ایس ایم ای فنانسنگ میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کر دی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا مائیکرو فنانس اداروں اور دیگر مالیاتی اداروں کو ایس ایم ایز تک قرض کی رسائی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
زرعی شعبے کے قرضوں میں 94.7 ارب روپے کا اضافہ، حجم 1.35 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گیا،زرعی قرض لینے والوں کی تعداد 19 لاکھ 63 ہزار سے زائد بڑھی،مجموعی تعداد تقریباً 34 لاکھ 60 ہزار ہو گئی، زرخیز آسان زرعی قرض سکیم کے تحت 5563 غیر ضمانتی قرضے جاری کئےگئے۔
چھوٹے کسانوں کو 2.1 ارب روپے کے غیر ضمانتی قرضے فراہم کئے گئے، مویشی پالنے اور ماہی گیری کے شعبوں کیلئے قرضوں کی فراہمی بڑھانے پر زور دیا گیا ۔
ہاؤسنگ فنانس میں 103 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور حجم 426 ارب روپے تک پہنچ گیا، ہاؤسنگ فنانس لینے والوں کی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 550 ہوگئی، وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 13 ہزار 214 افراد کو 76 ارب روپے کے قرضے جاری کیےگئے، 350 ارب روپے کے منظور شدہ ہاؤسنگ قرضے تاحال جاری ہونا باقی ہیں۔ گھروں کے خریداروں کے ساتھ بلڈرز اور ڈویلپرز کے لیے بھی فنانسنگ بڑھانے پر زور دیا گیا
سکیم کے تحت 17 ہزار 262 درخواستوں کی منظوری دی گئی اور 2.54 ارب روپے کے قرضے منظور کیئے گئے ، ستمبر کے اختتام تک 4 ہزار 839 قرضے، 975 ملین روپے کی فنانسنگ جاری کی گئی، پاوے اسکیم کے تحت 2725 الیکٹرک گاڑیاں صارفین کو فراہم کی جاچکی ہیں۔
مزید پڑھیں:ٹیکس نظام مزید سخت اور ڈیجیٹل، مسودے میں درجنوں نئی ترامیم کیا ؟
وزیر خزانہ نے کہا کہ منظور شدہ قرضوں کو گاڑیوں کی اصل ڈیلیوری میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے اور ہدایت کی کہ مالیاتی اسکیموں کے فیصلوں پر عملدرآمد اور مقررہ مدت میں اقدامات کیے جائیں ۔









