اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی(Pakistan Peoples Party) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا ثناء اللہ کی جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں شمولیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حالیہ دنوں میں اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کے معاملے پر دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک نئی مفاہمت کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے، دونوں رہنماؤں کو پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور نون لیگ کے رکن شیخ آفتاب احمد کے استعفوں کے بعد باضابطہ طور پر کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا۔
بلاول بھٹو قومی اسمبلی میں حکومتی بنچوں کی نمائندگی کریں گے، جبکہ رانا ثناء اللہ سینیٹ کی نمائندگی کریں گے۔
یہ تقرریاں پیپلز پارٹی کے اندر کئی ماہ سے پائی جانے والی اس مبینہ بے چینی کے بعد عمل میں آئی ہیں کہ وہ عدالتی عہدوں کیلئے اپنے حمایت یافتہ متعدد امیدواروں کی تقرریوں کی کمیشن سے منظوری حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔









