وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی کل طلب کرلیا گیا جو صبح ساڑھے نو بجے منعقد ہوگا،کابینہ کے اجلاس میں خیبر پختون خواہ میں ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے کی منظوری لیے جانے کا امکان ہے،کابینہ اجلاس میں اٹارنی جنرل اور وزیر قانون ائین کے آرٹیکل 232 اور 234 پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔
اس سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کی معاونت نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی۔
ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے صدر مملکت کی معاونت کی۔









