وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کل صوابی میں ہمارا پلان سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے اور اس دفعہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد جمع ہوگی کہ کسی کو گولی چلانے کی ہمت نہیں ہوگی۔
منگا بازار مردان میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مردان میں ہر جگہ دفعہ 804 نافذ ہے، میں سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ملک بھر سے عوام اپنے پارلیمنٹیرینز کی قیادت میں کل صوابی پہنچیں، ہم صوابی میں آپ کا استقبال بھی کریں گے اور خیال بھی رکھیں گے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ عمران خان سے محبت کرنے والے ہر حال میں صوابی پہنچیں گے، گاڑی میسر نہ ہوئی تو موٹر سائیکل، وہ بھی نہ ہوئی تو سائیکل پر اور یہاں تک کہ پیدل بھی پہنچنا پڑا تو پہنچیں گے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اس بار لوگ اتنی بڑی تعداد میں ہوں گے کہ کسی کو گولی چلانے کی ہمت نہیں ہوگی، ہم ظالمانہ ہتھکنڈوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں، ایک کروڑ بزدلوں سے ایک ہزار بہادر بہتر ہوتے ہیں۔
ہمارا پرامن احتجاج آگے بڑھے گا، پرامن رہنا ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے کا موقع نہیں دیں گے۔ صوابی میں ہمارا پلان سن کر مخالفین کے ہوش اڑ جائیں گے۔









