کراچی کے علاقے سپرہائی وے معمار موڑکے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو دوست جاں بحق ہوگئے، جن میں سے ایک کی دو ماہ بعد شادی تھی۔
ایس ایچ او تھانہ سائٹ سپر ہائی وے چوہدری نواز کے مطابق حادثے میں جاں بحق دونوں نوجوان سہراب گوٹھ کی مچھر کالونی کے رہائشی تھے اور دیگر دوستوں کے ہمراہ گھومنے کے لیے گئے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں نوجوان آپس میں دوست تھے، داؤد 6 بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور اسکریپ کا کام کرتا تھا جبکہ راشد اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔
لواحقین نے پولیس کو بتایا کہ راشد کی دو ماہ بعد شادی طے تھی تاہم ٹریفک حادثے نے اس کی زندگی کا سفر ختم کردیا۔
مزید پڑھیں:پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کردیا، شوکت یوسفزئی
پولیس کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر کار سوار شخص کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد کار سوار شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم پولیس نے شواہد جمع کرکے فرار ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔









