بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبر پختونخوا ،وزیراعظم کی جانب سے 11 رکنی بااختیار مانیٹرنگ کمیٹی قائم

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے کے روزمرہ امور، امن و امان اور گورننس کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور انتظامی استحکام یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزراء اور اتحادی رہنماؤں پر مشتمل ایک اہم 11 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے.

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق یہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی خیبر پختونخوا کے انتظامی ڈھانچے، سیکیورٹی کی مجموعی حالت اور گورننس کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کرے گی۔ حکومت نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو اس 11 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا ہے، جو تمام امور کی رابطہ کاری اور پیشرفت پر نظر رکھیں گے۔

کمیٹی کے دیگر نمایاں اراکین میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی شامل ہیں۔ سیاسی و انتظامی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے اس مانیٹرنگ کمیٹی میں وفاقی حکومت کی اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے ایک ایک نمائندے کو بھی باضابطہ طور پر شامل کیا گیا ہے، تاکہ صوبائی انتظامیہ اور وفاق کے درمیان فیصلوں کی ہموار عملداری ممکن بنائی جا سکے۔