شہری اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت لے کر گھر سے نکلیں، ٹریفک پولیس
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک سڑک تا حکم ثانی مکمل بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کے لیے متبادل راستوں پر مشتمل ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کی بندش کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، لہٰذا شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں اور اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے معمول سے 20 سے 25 منٹ اضافی وقت لے کر گھر سے نکلیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ڈائیورژن پلان کے مطابق جی فائیو، سیکرٹریٹ اور سرینہ ہوٹل سے راولپنڈی جانے والے شہری سری نگر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو استعمال کر سکتے ہیں، متبادل طور پر سری نگر ہائی وے سے مہرآباد، پشاور روڈ کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ یا پھر لیک ویو یوٹرن سے واپس مری روڈ یا کلب روڈ کی طرف بھی جایا جا سکتا ہے۔
راول ڈیم چوک، پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ جانے والے شہری سری نگر ہائی وے، سیونتھ ایونیو، شکرپڑیاں روڈ، ٹیولپ ہوٹل اور راول ڈیم روڈ استعمال کریں۔
مری اور بھارہ کہو جانے والے شہری فیض آباد، فیصل ایونیو، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے انڈر پاس، جناح اسکوائر اور کنڑایاں والا چوک کے راستے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے استعمال کریں۔پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہری ٹیولپ ہوٹل روڈ، گارڈن ایونیو، شکرپڑیاں روڈ اور سیونتھ ایونیو کا راستہ اختیار کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق ڈائیورژن کے دوران اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران مختلف مقامات پر موجود رہیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو تازہ ترین صورت حال سے آگاہ رہنے کے لیے آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سننے اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز فالو کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق حتمی رائے دینا قبل از وقت ہے، وزیر اطلاعات
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کا محفوظ اور آسان سفر یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، لہٰذا عوام الناس ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور بند سڑک کی طرف جانے سے گریز کریں۔









