بلوچستان(Balochistan) کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بند کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
بیان کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں:تین ملکی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ: سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی یافتہ 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرأت اور دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔









