پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف فاسٹ بولر وسیم اکرم(wasim akram) نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ موبائل فون کے استعمال میں تھوڑی کمی لائیں، تاکہ اپنے پیاروں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے پر توجہ دے سکیں۔
سابق کرکٹر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اپنی عمر کے افراد کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اس پیغام میں انہوں نے موبائل فون، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذمے دارانہ استعمال کے حوالے سے اپنی جانب سے مرتب کردہ چند رہنما اصول بیان کیے ہیں۔
View this post on Instagram
وسیم اکرم نے 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ آپ لوگ روزانہ دوسروں کو بلاوجہ مختلف پیغامات اور مواد بھیجنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے دوسروں کو کوفت ہو سکتی ہے، ان کے فون کی اسٹوریج بھر سکتی ہے اور انہیں غیر ضروری پیغامات دیکھنے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔
غیر ضروری پیغامات خصوصاً گڈ مارننگ، گڈ نائٹ جیسے پیغامات پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ لوگوں کی توجہ برقرار رکھنے کی صلاحیت کم ہوتی جا رہی ہے، اس کے ساتھ ہی طویل ویڈیوز بھیجنے سے بھی گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا ہے کہ آدھے گھنٹے کی ویڈیو کون دیکھنا چاہے گا؟ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ویڈیو کتنی اہم ہے، کوئی اسے نہیں دیکھے گا، اس لیے 2 منٹ سے زیادہ دورانیے کی ویڈیوز نہ بھیجیں۔
مزید پڑھیں:محمود اچکزئی ڈٹ گئے، اپوزیشن لیڈر کا عہدہ چھوڑنے سے انکار
انہوں نے کہا ہے کہ ان مشوروں پر عمل کرنے والے لوگ بعد میں میرے شکر گزار ہوں گے۔
سابق کپتان نے تسلیم کیا کہ جنریشن الفا اور جنریشن زی کے لیے دن رات موبائل فون استعمال کرنا معمول کی بات ہو سکتی ہے، کیونکہ ان نسلوں نے ڈیجیٹل دور میں آنکھ کھولی ہے، تاہم بڑی عمر کے افراد کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ انہیں بھی ہر وقت موبائل فون پر دستیاب رہنا ضروری ہے۔
اپنی زندگی کی مثال دیتے ہوئے سابقہ کھلاڑی نے بتایا کہ میں بھی پہلے موبائل فون پر وقت گزارتا، ریلز شیئر کرتا اور پیغامات کے جواب دیتا تھا، تاہم میں اس استعمال کو ایک حد تک رکھتا تھا۔
دوسری جانب وسیم اکرم کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ شنیرا اکرم نے مذکورہ ویڈیو کے جواب میں ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
View this post on Instagram
شنیرا اکرم نے اپنی ویڈیو میں ہلکے پھلکے انداز میں کہا ہے کہ 50 سال سے کم عمر کے افراد پیغامات بھیجنا جاری رکھ سکتے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں شنیرا اکرم نے کہا ہے کہ سب لوگ توجہ دیں، اگر آپ کی عمر 50 سال سے کم ہے تو پیغامات بھیجتے رہیں۔









