اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں، ٹیکس گیپ پر قابو پانے کے لیے ادارے کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جائے۔
ایف بی آر کے امور پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں جاری اصلاحات کی تازہ ترین پیشرفت اور اب تک کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو ایف بی آر میں ٹیکنالوجی، نظامِ کار اور افرادی قوت کے شعبوں میں جاری اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر میں اصلاحات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ٹیکنالوجی، مؤثر تربیت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو تیز کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر کریں، جاری اصلاحات ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہیں اور ان کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے ایف بی آر میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے رویے اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور عملے کو اصلاح کا موقع دیا جائے، تاہم بدعنوانی اور ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والوں کے لیے ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس گیپ کا تخمینہ جی ڈی پی کے 6 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد رہ گیا ہے، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ایف بی آر افسران کے صوابدیدی اختیارات میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کے نئے افسران کو لمز میں تربیت دی جا رہی ہے جبکہ پہلے سے خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے دورانِ ملازمت تربیتی پروگرام بھی جاری ہیں، افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے پیئر ریٹنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کی آڈٹ کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے 957 آڈیٹرز کو میرٹ کی بنیاد پر تھرڈ پارٹی آڈیٹرز کے طور پر کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا ہے، جس سے آڈٹ کی استعدادِ کار میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ایف بی آر کی تکنیکی بنیادوں پر وسیع پیمانے پر تنظیمِ نو جاری ہے جبکہ مہارت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کی بھرتی اور کارکردگی سے منسلک مراعات کا نظام بھی متعارف کرایا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں:نومنتخب سعودی سفیر کی جی ایچ کیو آمد: فیلڈ مارشل سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔









