لاہور: (مانیٹرنگ ڈیسک) لطیف کھوسہ نے عمران خان کو نااہل کرنے، تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لطیف کھوسہ نے تحریک انصاف اور عمران خان پر پابندی لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ کسی بھی شخص نااہل یا پارٹی کو کالعدم قرار نہیں دینا چاہیے، سیاستدانوں کو اپنے معاملات خود طے کرنے چاہئیں، عدالتوں کے پاس جانے کے بجائے پارلیمان میں مسائل حل کریں۔سینئر پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آرٹیکل 62 ،63 میں کچھ شقوں پر اعتراض تھا لیکن نواز شریف نہیں مانے اور آج نواز شریف ان ہی شقوں کو ختم نہ کرنے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔عمران خان کو بھی یہ ہی کہتے ہیں کہ آئیں بیٹھیں ورنہ پھر آپ بھی خمیازہ بھگتیں گے۔ لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کو متنازع بنانے کی کوشش کی، کیس کے مطابق پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ کی ہے، پی ٹی آئی کے بے نامی اکاؤنٹس بھی سامنے آئے ہیں۔یہاں واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کی صبح کو تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہو گئی، پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے سرٹیفیکیٹ کو بھی غلط قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ فیصلے کے بعد تحریک انصاف نے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے عمران خان کی نااہلی اور پی ٹی آئی پر پابندی کی مخالفت کردی








