لاہور: چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پرعزم ہوکر میدان میں اترنا چاہیے، بابراعظم اچھے کپتان ثابت ہورہے ہیں، ہمیں نئے کھلاڑیوں کو آنے کا موقع دینا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں محمد وسیم نے کہا کہ ٹیم کا اعلان کوچ اور کپتان کی مشاورت سے کیا گیا ہے، ہم نے کنڈیشن کے حساب سے پلیئرز کا انتخاب کیا ہے، وائٹ بال کرکٹ ٹیم میں ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے، نیدر لینڈ سیریز کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑی زیادہ تر نوجوان ہے، اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کرسکتے ، ہمارے کئی کھلاڑیوں نے ابھی تک 100 میچ بھی پورے نہیں کھیلے ہیں، اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی بھی ہیں جن کا نیدرلینڈ میں ڈبیو ہوسکتا ہے۔
چیف سلیکٹر نے بالنگ سیلیکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حسن علی بہترین کھلاڑی ہیں اور بہت سے میچ جتوا چکے ہیں، لیکن کئی مرتبہ کھلاڑیوں کو آرام دینا ان کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے، امید ہے حسن علی آرام کے بعد بہترین کم بیک کریں گے، نسیم شاہ نے ریڈ اور وائٹ بال میں اچھی باؤلنگ کی، اس لیے اس وقت نسیم شاہ ہمارے پاس سب سے اچھی آپشن تھے۔
شاداب خان ہماری ٹیم میں آل راونڈر کے طور پر کھیل رہے ہیں، فہیم اشرف اچھے کھلاڑی ہیں لیکن کنڈیشن کے حساب سے وہ فٹ نہیں ہوتے۔
واضح رہے پی سی بی نے دورہ نیدرلینڈز اور اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔
نیدرلینڈز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے لیے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا۔









