ایف بی آر(FBR) نے غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان میں غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کو رجسٹر کروانے کے لیے سیلز ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی اجازت دے دی۔
ایف بی آر نے موبائل فونز کی رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار میں نئی ترمیم کر دی جس کے تحت درآمد شدہ موبائل پر سیلز ٹیکس اب اقساط میں ادا ہو سکے گا،سیلز ٹیکس مالی سال کے باقی مہینوں میں برابر اقساط میں تقسیم ہوں گی۔
اب اہل افراد DIRBS کے ذریعے موبائل فون کا سیلز ٹیکس ماہانہ اقساط میں ادا کر سکیں گے،اقساط کی سہولت حاصل کرنے کے لیے درخواست دیتے وقت ہی اس آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا،سیلز ٹیکس کی اقساط کی تعداد مالی سال کے باقی مہینوں کے برابر ہوگی، جس میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 117 ڈالر سے تجاوز کر گئی
پہلی قسط درخواست کے وقت جاری ہونے والے PSID کے ذریعے ادا کرنا ہوگی،اگلی اقساط ہر ماہ مقررہ تاریخ پر الگ PSID کے ذریعے جمع کرانا ہوں گی۔
تمام اقساط کی ادائیگی 30 جون سے پہلے مکمل کرنا لازمی ہوگا،موبائل فون کے ٹیکس کی اقساط وقت سے پہلے بھی ادا کی جا سکیں گی،مقررہ تاریخ پر قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں صارف ڈیفالٹر تصور ہوگا،قسط کی عدم ادائیگی پر موبائل فون کو غیر رجسٹرڈ قرار دے کر DIRBS کے ذریعے بلاک کیا جا سکے گا،اس کے علاوہ قسط میں تاخیر کی صورت میں باقی تمام سیلز ٹیکس فوری طور پر واجب الادا ہو جائے گا اور مزید اقساط کی سہولت ختم ہو جائے گی۔









