راولپنڈی (ممتازنیوز ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف آج کوئٹہ بلوچستان پہنچ گئے۔آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء اور سول و عسکری حکام سمیت شہدا کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے لسبیلہ ہیلی حادثے میں شہادت قبول کرنے والے شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے اہل خانہ اور زیارت میں شہادت قبول کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل لائق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر محمد خالد کے جسد خاکی کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی مرکزی نماز جنازہ آج 17:30 بجے آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔









