امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کو شادی(merriage) کی پیشکش کرنے کے لیے منفرد انداز اپناتے ہوئے خود سونا تلاش کیا اور اس سے منگنی کی انگوٹھی تیار کروالی۔
کولوراڈو کے رہائشی جیک ولکانی نے اپنی گرل فرینڈ جوآن کے لیے منگنی کی انگوٹھی خریدنے کے بجائے اسے اپنے ہاتھوں سے حاصل کیے گئے سونے سے بنوانے کا فیصلہ کیا۔
اس مقصد کے لیے جیک نے کئی ماہ تک کولوراڈو کے مختلف دریاؤں میں سونے کے ذرات تلاش کیے، مسلسل محنت کے بعد جب وہ کافی مقدار میں سونا جمع کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اسے مقامی سنار زیک ایلن کے حوالے کردیا، جس نے سونے کو پگھلا کر ایک خوبصورت منگنی کی انگوٹھی تیار کی۔
سنار زیک ایلن کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد تجربہ تھا، کیونکہ انگوٹھی میں استعمال ہونے والا سونا جیک نے خود تلاش کیا تھا۔
مزیدپڑھیں: چین: موٹر سائیکل کو پانی کی سطح پر دوڑانے کا عالمی ریکارڈ قائم
انگوٹھی تیار ہونے کے بعد جیک اپنی محبوبہ جوآن کو ہائیکنگ کے لیے لے گئے، اس دوران انہوں نے اپنے موبائل فون پر سونا تلاش کرنے کی ویڈیو دکھائی، جسے دیکھ کر جوآن ابتدا میں معاملے کی حقیقت نہ سمجھ سکیں۔
جب انہیں معلوم ہوا کہ جیک کئی ماہ سے ان کے لیے منگنی کی انگوٹھی بنانے کی غرض سے سونا جمع کر رہے تھے تو وہ جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
جیک کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد اپنی محبوبہ کے لیے اس خاص دن کو یادگار بنانا تھا، ان کے اس منفرد اقدام نے منگنی کی انگوٹھی کو محض ایک زیور کے بجائے محبت، محنت اور خلوص کی علامت بنا دیا۔









