بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کرپٹو ایکسچینج بائننس پر تاریخ کی سب سے بڑی سائبر ڈکیتی، ہیکرز 6 ارب 30 کروڑ ڈالر لے اڑے

دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس(Binance) پر تاریخ کے سب سے بڑے سائبر حملے میں ہیکرز 6 ارب 30 کروڑ ڈالر لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس پر تاریخ کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہوا، ہیکرز تقریباً 6 ارب 30 کروڑ ڈالر مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے لے اڑے۔۔۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ ہیکرز نے بائننس کے ایک ڈیو اوپس انجینئر کا لیپ ٹاپ ہیک کرکے کمپنی کے سسٹم تک رسائی حاصل کی اور غیر قانونی ٹرانزیکشنز کے ذریعے اربوں ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی منتقل کردی۔

بائننس کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے متاثرہ اثاثوں میں سے تقریباً 3 ارب ڈالر کی کرپٹو کرنسی مختلف بلاک چین پارٹنرز کی مدد سے منجمد کرلی گئی ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین اور بلاک چین تجزیہ کاروں نے حملے میں شمالی کوریا کے ہیکنگ گروپ ٹریڈر ٹریٹر اور لازارس گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے، تاہم حتمی تحقیقات جاری ہیں۔

بائننس نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے فنڈز محفوظ ہیں اور ہیکنگ سے ہونے والے تمام نقصانات کمپنی اپنے سیفٹی فنڈ اور ذاتی وسائل سے پورے کرے گی۔

مزیدپڑھیں:آزادکشمیر: گھر میں دھماکے سے 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بائننس نے ڈپازٹس اور رقم نکلوانے کی سہولت عارضی طور پر معطل کردی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلاک چین ماہرین کے ساتھ مل کر چوری شدہ رقم کی واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکرز منجمد ہونے سے بچ جانے والی کرپٹو کرنسی کو مختلف بلاک چین نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز فروری 2025 میں بائی بٹ کرپٹو ایکسچینج سے بھی تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کرچکے ہیں۔

بائننس پر حالیہ سائبر حملے کو کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی قرار دیا جارہا ہے۔