عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں مسلسل چھٹے روز بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی نوعیت کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں گرائوٹ کا سلسلہ مسلسل چھٹے روز بھی برقرار ہے، جس کے نتیجے میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی نوعیت کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں خریداروں کی جانب سے عدم توجہی اور معاشی عوامل کے باعث فی اونس سونے کی قیمت میں 108 ڈالر کی نمایاں کمی دیکھی گئی، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 3 ہزار 872 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔
عالمی بلین مارکیٹ میں ہونے والی اس مسلسل اور بڑی کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی براہِ راست مرتب ہوئے ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 800 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئ قیمت گھٹ کر 4 لاکھ 9 ہزار 736 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور مقامی سطح پر روپے کی قدر میں بہتری کے باعث سونے کے نرخوں میں مسلسل ہیر پھیر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بازار میں قیمتیں گرنے کی وجہ سے جہاں عام شہریوں اور خریداری کے خواہمند افراد کے لیے کچھ راحت پیدا ہوئی ہے، وہاں سرمایہ کاروں میں محتاط رویہ پایا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید استحکام یا ردوبدل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔









