بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  عوام پر ایک اور مہنگائی کا بم: ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے 73 پیسے فی کلو اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 3 ہزار 470 روپے کا ہو گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ رسمی نوٹیفکیشن کے مطابق، ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ملک بھر میں ہو گا۔ اس فیصلہ کے تحت گھریلو اور تجارتی صارفین پر اضافے کا بھاری بوجھ منتقل کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے متن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 173 روپے 86 پیسے کا نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نومبر کے مہینے کے لیے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل اکتوبر کے مہینے میں یہی گھریلو سلنڈر 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے میں دستیاب تھا۔

اوگرا دستاویزات کے مطابق، ایل پی جی کی فی ٹن پروڈیوسر قیمت میں 14 ہزار 733 روپے 98 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس اضافے کے بعد نومبر کے لیے پروڈیوسر قیمت 2 لاکھ 52 ہزار 775 روپے 47 پیسے فی ٹن طے کی گئی ہے۔

دوسری جانب عام صارف کے لیے ایل پی جی کی مجموعی فی ٹن قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 94 ہزار 75 روپے 47 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ سردیوں کی آمد سے قبل ایل پی جی کی قیمتوں میں اس اضافے سے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔