ملک بھر میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی سوئی گیس(Gas) کے شدید شارٹ فال کے باعث سوئی گیس کمپنی نے گھریلو کنکشنز کی فراہمی پر عائد پابندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس کے درپیش بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ماہ سے کمرشل تندوروں اور ہوٹلوں سمیت تمام نئے کمرشل کنکشنز پر بھی مکمل روک لگا دی گئی ہے۔
حکومتی اور کمپنی ذرائع کے مطابق، درآمد شدہ آر ایل این جی کی سپلائی معطل ہونے کے سبب موجودہ سپلائی سسٹم پر بے پناہ دباؤ ہے، جبکہ سرد موسم کے آغاز سے ہی گھریلو صارفین کی جانب سے گیس کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔
مزیدپڑھیں:اداکارہ جویریہ جمشید رشتۂ ازدواج میں منسلک، شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
صورتِ حال کی نزاکت کے پیشِ نظر کمپنی اب موجودہ گھریلو صارفین کو بھی گیس کی باقاعدہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس بحران کے باعث ہزاروں ایسے شہری بھی تاحال کنکشن سے محروم ہیں جو تمام قانونی تقاضے پورے کرچکے اور بھاری ارجنٹ فیسیں جمع کروا چکے ہیں۔
سوئی گیس حکام نے واضح کیا ہے کہ نئے کنکشنز پر پابندی کا فیصلہ کمپنی کا نہیں بلکہ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے تحت کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی صورتِ حال بالخصوص ایران امریکا کشیدگی ختم ہونے اور درپیش بحران کا خاتمہ ممکن ہونے کے بعد ہی گیس کنکشنز کی بحالی پر غور کیا جا سکے گا۔









