سعودی عرب(Saudi Arabia) کی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں رہائشی یا لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی مدد کرنا بھی جرم ہے، جس پر 6 ماہ تک قید اور ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے، انہیں ملازمت دینے، رہائش فراہم کرنے یا کسی بھی دوسرے طریقے سے مدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک لاکھ ریال تک جرمانے اور زیادہ سے زیادہ 6 ماہ قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ اگر اس جرم میں ملوث شخص غیر ملکی ہوا تو اسے سزا مکمل ہونے کے بعد سعودی عرب سے ملک بدر بھی کیا جاسکتا ہے۔
وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ مملکت میں رہائشی قوانین، لیبر قوانین یا سرحدی سیکیورٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
مزیدپڑھیں:امریکا کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے سے ابھی بہت دور ہیں، اعلیٰ ایرانی عہدیدار
اس مقصد کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں 911 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، جبکہ سعودی عرب کے دیگر تمام علاقوں میں خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کے لیے 999 پر کال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ انہیں سہولت فراہم کرنے والے افراد بھی قانونی کارروائی کی زد میں آسکتے ہیں۔









