بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رانا مشہود کا دورہ چین مکمل، 11 مختلف معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد: چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے چین کا آٹھ روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا، جس کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم، فنی تربیت اور ہنرمندی کے فروغ سے متعلق 11 معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ نوجوانوں کی تربیت اور روزگار کے لیے 14 اہم منصوبوں کی رونمائی بھی ہوئی۔

27 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہنے والے دورے کے دوران رانا مشہود نے 27ویں چائنا سالانہ کانفرنس اینڈ ایکسپو فار انٹرنیشنل ایجوکیشن میں شرکت کی۔ جاری اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں شریک ممالک میں پاکستان نے سب سے زیادہ معاہدے کیے، جن سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی اسناد، جدید فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

گیارہ معاہدوں میں سے تین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام نے چینی اداروں کے ساتھ کیے، جبکہ آٹھ معاہدوں کے ذریعے پاکستانی جامعات اور فنی تربیتی اداروں کو چین کے ووکیشنل کالجوں سے منسلک کیا گیا۔ ان معاہدوں میں میکاٹرونکس، گرین انرجی، موبائل کمیونیکیشن، نرسنگ، جدید زراعت، سرحد پار ای کامرس اور بین الاقوامی اسکلز سرٹیفکیشن کے شعبے شامل ہیں۔

دورے کے دوران انٹرنیشنل نرسنگ ٹیلنٹ ٹریننگ بیس، کراس بارڈر ای کامرس ٹریننگ بیس، پاکستان تیانگونگ کالج اور جوائنٹ ٹیچر ٹریننگ سینٹر سمیت 14 منصوبوں کی رونمائی کی گئی۔ چینی ادارے جیلن الیکٹرانک انفارمیشن ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج نے 10 پاکستانی اساتذہ کو تربیت بھی فراہم کی، جبکہ نومبر سے 15 پاکستانی طلبہ کو چینی زبان کے پروگرام میں داخلہ دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ایم ایل ون ریلوے منصوبے سے منسلک فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ چائنا ریلوے گروپ کے سیکرٹری ہان ہوئی نے پاکستان کا دورہ شروع کر دیا ہے تاکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

رانا مشہود نے دورے کے دوران مختلف بین الاقوامی فورمز سے خطاب کرتے ہوئے صنعت کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت، مشترکہ تعلیمی پروگراموں، عالمی سرٹیفکیشن اور اساتذہ کی تربیت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی دور کے کرپشن کیسز، پختونخوا حکومت کا انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ اقدامات ہنرمند، بااختیار اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔