بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ترک زائر احرام پہنے عمرے کی روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر دعا کے دوران انتقال کر گئے

ترکیہ کے وسطی علاقے میں عمرے (Umrah)کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے سے چند لمحے قبل 68 سالہ ترک شہری ایئرپورٹ پر دعا کراتے ہوئے اچانک گر کر جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عبداللہ اوزکان کونیا کے ضلع بے شہر سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ امام تھے، ایئرپورٹ پر احرام پہنے ہوئے تھے۔ وہ ایک حج و عمرہ ٹریول کمپنی کے مقامی نمائندے کے طور پر تقریباً 180 زائرین کے گروپ کی قیادت کر رہے تھے جو مکہ مکرمہ روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق، سفری کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد زائرین کا یہ گروپ رات تقریباً 2 بجے ایئرپورٹ پر جمع ہوا تھا۔ عبداللہ اوزکان نے روانگی سے قبل الوداعی دعا کرائی، تلبیہ اور نبی کریم ﷺ پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔

چشم دید گواہوں کے مطابق، آخری درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے اچانک ان کی آواز مدہم پڑ گئی اور وہ گر پڑے۔


ایئرپورٹ پر موجود طبی عملے نے فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد دی اور سی پی آر کے بعد ہنگامی طبی خدمات کے ذریعے سلجوق یونیورسٹی میڈیکل فیکلٹی اسپتال منتقل کیا، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور اسپتال میں ان کا انتقال ہو گیا۔

مزیدپڑھیں:اب چیک نہیں چلے گا! 16 نومبر سے نیا نظام نافذ

ترک میڈیا کے مطابق ان کی موت کا سبب مبینہ طور پر دل کا دورہ بننا بتائی گئی ہے۔ان کے ساتھ 15 سال تک کام کرنے والے ساتھی اسماعیل گُمُش نے بتایا کہ اس واقعے سے قبل ان میں بیماری کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

بے شہر کے مفتی انس اکتاش نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار مذہبی شخصیت تھے جنہوں نے طویل عرصے تک کمیونٹی کی خدمت کی۔

جمعہ کے روز ضلع کی چارشی مسجد میں نمازِ جنازہ کے بعد عبداللہ اوزکان کو بے شہر کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جس میں اہل خانہ، مذہبی شخصیات اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔