راولپنڈی: راولپنڈی میں سفاکانہ طور پر قتل کی جانے والی معروف ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جس میں مرحومہ کے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ کورٹ راولپنڈی نے اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں گرفتار ملزم اور مقتولہ کے شوہر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے اسے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو سخت سیکیورٹی میں مقامی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے واقعے کی مکمل تفتیش اور ثبوت و شواہد اکٹھے کرنے کے لیے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے منظور کرتے ہوئے فاضل جج نے ملزم کو ایک دن کے پولیس ریمانڈ پر تحویل میں دینے کا حکم دیا۔
اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں اینکر ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، جس کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئے شوہر احسن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، حراست میں لیے گئے ملزم احسن نے اپنے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ “اس سے اتفاقیہ طور پر گولی چلی جو ربیعہ کو جا لگی”، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔
راولپنڈی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس انتہائی حساس نوعیت کا ہے اور واقعے کی تمام تر پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس فورنسک ٹیموں کی مدد سے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور ملزم کے بیان کی روشنی میں مزید حقائق سامنے لانے کے لیے کارروائی کر رہی ہے تاکہ اصل حقائق کا تعین کیا جا سکے۔








