بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیپرا کا انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج صارفین پر اربوں کا اضافی بوجھ ہے، عبدالہادی

کراچی: سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے نیپرا سے بجلی کے اضافی استعمال کے پیکیج (انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج) کی فوری معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے نظرثانی شدہ نرخ 25.30 روپے فی یونٹ کو غیر منصفانہ قرار دے دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس پیکیج کے باعث عام بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے، لہٰذا اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات صرف پیکیج سے فائدہ اٹھانے والے صارفین سے وصول کیے جائیں۔

نیپرا کو ارسال کردہ تحریری اعتراضات میں عبدالہادی نے کہا کہ پیکیج کے پہلے ششماہی جائزے میں چار ماہ کی تاخیر سے عام صارفین کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

جون 2026 میں ہونے والا جائزہ اکتوبر میں کیا گیا، جس کے باعث اپریل اور مئی کے دوران اضافی بجلی کی لاگت اور مقررہ نرخوں کے فرق کی مد میں صارفین پر بالترتیب 13 ارب 60 کروڑ اور 9 ارب 40 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) نے سماعت کے دوران مارجنل پرائس کا ڈیٹا درست ہونے کی تصدیق کی، جبکہ اخراجات میں غیرمعمولی اضافہ غیرمتوقع تھا۔

ان کے مطابق نیپرا کے اصل فیصلے میں واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی غیرمتوقع نقصان کی وصولی صرف ان صارفین سے کی جائے گی جو اس پیکیج سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

عبدالہادی نے مؤقف اختیار کیا کہ عام صارفین سے مارجنل قیمت اور انکریمنٹل ریٹ کے فرق کے علاوہ زیادہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) بھی وصول کیا گیا، اس لیے زائد وصول شدہ رقم صارفین کو واپس کی جائے۔انہوں نے نیپرا سے مطالبہ کیا کہ پیکیج فوری معطل کیا جائے یا 9 جون 2026 سے تمام اضافی بجلی کے استعمال پر نظرثانی شدہ مارجنل لاگت لاگو کی جائے۔

قیمتوں کے فرق کی وصولی صرف پیکیج سے مستفید ہونے والوں سے کی جائے اور حاصل ہونے والی رقم اگلے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) یا فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے عام صارفین کے کھاتوں میں واپس جمع کرائی جائے۔

صدر سائٹ ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی چیمبر، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری سمیت دیگر صنعتی تنظیموں نے بھی پیکیج کے تسلسل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نظرثانی شدہ نرخ بجلی اور صنعتی پیداوار کی لاگت میں مزید اضافہ کرکے مقامی صنعت کی مسابقت متاثر کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:نیٹلی بیکر پاکستان میں امریکی سفیر نامزد، نام منظوری کیلئے سینیٹ کو ارسال

انہوں نے نیپرا پر زور دیا کہ تمام اعتراضات کا مدلل فیصلہ کیا جائے اور ناکام منصوبوں کو ختم کرنے کے لیے واضح طریقہ کار بنایا جائے۔