پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 10 لاکھ گھر تعمیر کیے ہیں جبکہ آئندہ 20 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ ہے۔ معاشی مشکلات کے باوجود ایسے بڑے منصوبوں کی تکمیل خوش آئند اور ملکی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔
کراچی میں سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ گھر فراہم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کے ساتھ زمین کے مالکانہ حقوق بھی دیے گئے ہیں۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے، اس سے قبل زیادہ گھر بنانے کا ریکارڈ نیپال حکومت کے پاس تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ایسا بڑا منصوبہ مکمل کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔
سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا باضابطہ اعلان یکم اکتوبر 2022ء کو کیا تھا،10 نومبر 2022ء کو سندھ حکومت اور عالمی بینک کے درمیان گھروں کی تعمیر کیلئے تعاون پر اتفاق ہوا، عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ منصوبے کا اعلان اکتوبر 2022ء میں ہوا جبکہ اس پر عملی پیش رفت اور فنڈز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز فروری 2023ء میں ہوا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران متاثرین کے گھر اور دیگر اثاثے تباہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے وعدہ کیا تھا کہ مشکل وقت میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کے دوروں کے دوران متاثرین کی مشکلات اور تکالیف کو قریب سے دیکھا اور محسوس کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے، ایسے حالات میں عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ گھروں کے منصوبے سے سندھ کے غریب عوام کو معاشی تحفظ مل رہا ہے۔ حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کریں اور ان پر معاشی بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو نفرت، تقسیم اور سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ اپنے معاشی مسائل کا حل چاہیے۔ سیاسی جماعتیں عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے قابل عمل تجاویز دیں۔ حکومت کا کام عوام کو صحت اور علاج سمیت بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بعض سیاستدان سمجھتے ہیں کہ امیروں کو مزید امیر بنانے سے ملک ترقی کرے گا تاہم ان کے نزدیک ملکی ترقی کیلئے غریب طبقے کو اوپر لانا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پہلے اپنے اتحادیوں جبکہ اس کے بعد سیاسی مخالفین اور اپوزیشن کا اعتماد بحال کریں، ملکی مسائل کے حل اور قومی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں:دیوالی پر المناک حادثہ، اداکارہ دیویانکا ترپاٹھی اور وویک کے گھر آتشزدگی
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگا، حکومت اور اپوزیشن کے تعاون کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ قومی اتفاق رائے ہی ملکی مشکلات سے نکلنے کا راستہ ہے۔








