سوشل میڈیا پر مقبول نوجوان پاکستانی جوڑا اسد پرویز(Asad Pervaiz) اور نمرہ ایک بار پھر انٹرنیٹ صارفین کی توجہ اور تنقید کا مرکز بن گئے ہیں۔
اسد پرویز اور نمرہ اس وقت خبروں اور سوشل میڈیا پر نمایاں ہوئے تھے جب دونوں نے کم عمری اور دورانِ تعلیم شادی کی تھی۔ بعد ازاں یہ جوڑا یوٹیوب پر فیملی وی لاگز بنانے لگا اور سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل کی۔
کچھ عرصہ قبل اسد پرویز نے مذہبی رجحان کی طرف مائل ہونے کے بعد اپنی نجی اور خاندانی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور فیملی ویڈیوز بنانا ترک کر دی تھیں۔ اس فیصلے کے بعد انہوں نے مختلف کاروباری شعبوں میں قدم رکھا، جن میں ان کا اپنا اسکن کیئر اور بیوٹی برانڈ بھی شامل ہے۔
حال ہی میں اسد پرویز نے اپنے بیوٹی برانڈ کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پر مختصر ویڈیوز بنانا شروع کی ہیں۔ انہی میں سے ایک تازہ ترین ویڈیو میں انہوں نے اپنی اہلیہ نمرہ کو بھی شامل کیا، جو اس سے قبل سوشل میڈیا کی چکاچوند سے مکمل طور پر کنارہ کش ہو چکی تھیں۔
اگرچہ اس نئی ویڈیو میں نمرہ نے نقاب کیا ہوا تھا، تاہم ان کی دوبارہ ویڈیو میں موجودگی نے بعض سوشل میڈیا صارفین کو تنقید کا موقع دے دیا۔
فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر جاری ہونے والی اس ویڈیو کے بعد صارفین اس نوجوان جوڑے کو دوبارہ خاندانی ویڈیوز کی طرف لوٹنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک طرف انہیں نقاب کروایا جا رہا ہے اور دوسری طرف وی لاگز میں بھی لایا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہونے کا امکان
ایک اور صارف نے اسد پرویز کے لباس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ بطور مرد انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ خواتین بھی ان کی ویڈیوز دیکھتی ہیں، اس لیے انہیں شارٹس پہننے سے گریز کرنا چاہیے۔
کئی صارفین نے اس واپسی کو کاروباری مجبوری قرار دیتے ہوئے طنز کیا کہ سوشل میڈیا تخلیق کار اپنی بیویوں کو کیمرے کے سامنے لائے بغیر گزارا نہیں کر سکتے۔
ایک صارف نے ان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ماضی میں انہوں نے ان کاموں سے توبہ کی تھی لیکن اب دوبارہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ویڈیوز میں واپس آ گئے ہیں۔ تاحال اسد پرویز یا نمرہ کی جانب سے اس تنقید پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔











