بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیوی پر پابندیوں کی خبریں، خوشحال خان نے خاموشی توڑ دی

پاکستانی اداکار خوشحال خان(Khushal Khan) نے اپنی شادی اور اہلیہ رمشا خان کے سوشل میڈیا سے دور رہنے کے معاملے پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ کا میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور ہونے کا فیصلہ مکمل طور پر ان کا اپنا تھا۔

خوشحال خان اپنی فطری اداکاری اور مختلف مقبول ڈراموں میں کرداروں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ وہ حال ہی میں یوٹیوب شو ’ٹیک اے ہائیک‘ میں ڈیجیٹل میڈیا میزبان حسن چوہدری سے گفتگو کر رہے تھے، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے پردہ اٹھایا۔

شادی کے بعد دونوں اداکاروں کے سوشل میڈیا اور اسکرین سے غائب ہونے کے حوالے سےخوشحال خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے اچانک غائب ہونے کا کوئی پہلے سے منصوبہ نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرتے، چاہے وہ ان کی اہلیہ ہوں، بھائی ہوں، خاندان ہو یا دوست۔

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ردعمل دیکھنے کے بعد رمشا نے خود میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔ خوشحال خان کے مطابق انہوں نے اپنی اہلیہ سے یہ بھی پوچھا تھا کہ کیا وہ واقعی ایسا چاہتی ہیں، جس پر رمشا نے دوٹوک جواب دیا کہ یہ ان کی اپنی خواہش ہے اور اگر مستقبل میں خوشحال خان بھی انہیں واپس آنے پر مجبور کریں گے تو وہ نہیں مانیں گی۔

خوشحال خان نے سوال اٹھایا کہ جب وہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کر رہے ہیں تو لوگوں کو اس پر اعتراض کیوں ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماشاءاللہ رمشا بہت خوش ہیں اور ان دونوں کی نیت بالکل صاف ہے۔

مزیدپڑھیں:معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی انتقال کرگئے

اداکار نے اپنی شادی کے دوران ہونے والی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی پختون شناخت کی وجہ سے بھی کافی ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی کے وقت پختونوں کے خلاف جس طرح کے تبصرے اور رویے دیکھنے کو ملے، وہ ان کے لیے حیران کن تھے۔ خوشحال خان کے مطابق رمشا بھی یوسف زئی پختون ہیں اور دونوں کو صرف اپنی شناخت کی بنیاد پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

خوشحال خان نے مختلف ثقافتوں اور قومیتوں سے متعلق عام تصورات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے پنجابی اور سندھی دوست ہیں اور وہ کسی بھی ثقافت کو پسماندگی یا رجعت پسندی سے جوڑنے کے حق میں نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ خوشحال خان اور رمشا خان کی شادی کے بعد ان کی نجی زندگی سے متعلق مختلف چہ مگوئیوں نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی تھی۔ خاص طور پر رمشا کے سوشل میڈیا سے دور ہونے اور شوبز کی سرگرمیوں میں نظر نہ آنے پر بعض صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں۔ اب خوشحال خان نے ان تمام باتوں کی وضاحت کردی ہے کہ میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ رمشا کا اپنا تھا۔