بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی شخص کو سالانہ 12 لاکھ کمانے والی بیوی کی تلاش، گھر سنبھالنے کو تیار

بھارت میں ایک شخص نے شادی کے لیے ایسی منفرد اور غیر روایتی شرط رکھ دی ہے جس نے سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں اس نے ملازمت یا کاروبار کرنے والی خاتون سے شادی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بھارتی نوجوان نے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ریڈٹ‘ پر اپنی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایسی خاتون سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے جو ملازمت یا کاروبار کے ذریعے گھر کے تمام مالی اخراجات اٹھائے، جبکہ اس کے بدلے میں وہ خود مکمل طور پر گھر سنبھالنے کی ذمہ داری ادا کرے گا۔ اس شخص نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ ایک کل وقتی گھریلو شوہر بننا چاہتا ہے اور اسے کھانا پکانے، گھر کی صفائی ستھرائی اور کپڑے دھونے سمیت تمام گھریلو امور خوش اسلوبی سے سرانجام دینے میں کوئی عار نہیں بلکہ وہ اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اس غیر روایتی پیشکش کے ساتھ بھارتی شہری نے شادی کے لیے ایک لازمی مالی شرط بھی عائد کی ہے کہ اس کی ہونے والی بیوی کی سالانہ آمدنی کم از کم 12 لاکھ بھارتی روپے ہونی چاہیے تاکہ گھر کا نظام باآسانی چل سکے۔ اس انوکھے رشتے کی پوسٹ منظرِ عام پر آتے ہی انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں بعض افراد اسے روایتی سماجی کرداروں میں تبدیلی قرار دے رہے ہیں تو کچھ صارفین اس شرط پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔