بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملکی برآمدات میں اضافہ معیشت کے لیے حوصلہ افزا پیشرفت ہے: سینیٹر محمد عبدالقادر

چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا پیشرفت اور معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج کا عکاس ہے، تاہم اس اضافے کو ایک مستقل اور پائیدار رجحان میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت، نجی شعبے اور صنعتی اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ کے دوران ملکی برآمدات کا 11 ارب 37 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچنا ایک اہم معاشی سنگ میل ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ حجم 10 ارب 40 کروڑ ڈالر تھا اور اس طرح برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، بین الاقوامی تجارتی مسابقت، توانائی کی بلند قیمتوں اور مالیاتی دباؤ جیسے متعدد چیلنجز کے باوجود برآمدات میں یہ اضافہ صنعتی سرگرمیوں، کاروباری اعتماد اور معاشی پالیسیوں کے تسلسل کا مثبت اشارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدی آمدنی میں اضافہ معاشی خودمختاری، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کا اہم ذریعہ ہے، جس سے درآمدات کی ادائیگی، قرضوں کی واپسی اور روپے کے استحکام میں مدد ملے گی جبکہ مقامی سطح پر صنعتی پیداوار، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے زور دیا کہ روایتی شعبہ ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، زرعی مصنوعات، انجینئرنگ، معدنیات اور دیگر ویلیو ایڈڈ صنعتوں کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنا ناگزیر ہے، بالخصوص پاکستان کے معدنی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور مقامی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں مسابقتی توازن، کاروباری لاگت میں کمی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی برآمدات کے پائیدار فروغ کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ سینیٹر محمد عبدالقادر نے مزید کہا کہ اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب برآمدات میں مسلسل اضافے کے ساتھ تجارتی خسارے اور درآمدات پر غیر ضروری انحصار میں بتدریج کمی آئے گی، لہٰذا پاکستان کو امداد اور قرضوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی پیداواری صلاحیت اور صنعتی ترقی کی بنیاد پر ایک مضبوط، خودمختار اور پائیدار معیشت کی تشکیل کی جانب بڑھنا ہوگا۔