بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سائنس دانوں نے مریخ کے زرد چمکدار ذرات تیار کرنے کا ممکنہ طریقہ ڈھونڈ لیا

مریخ پر زرد رنگ کے چمکتے ہوئے ذرات کی دریافت نے سائنس دانوں کو حیران کر دیا، تاہم اب دو نئی تحقیقات میں ان کے بننے کے ممکنہ طریقہ کار سے متعلق اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔

اگرچہ مریخ نظامِ شمسی میں زمین سے لاکھوں کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، تاہم سائنس دان اس سیارے کی ارضیاتی ساخت کے بارے میں خاصی معلومات حاصل کر چکے ہیں۔

سائنسی ویب سائٹ ’سائنس الرٹ‘ کے مطابق اب ماہرین عمومی طور پر جانتے ہیں کہ مریخ پر کس قسم کی معدنیات پائی جا سکتی ہیں اور کون سے ارضیاتی عوامل اس کی سطح کو تشکیل دیتے ہیں۔

ناسا کے 4 رضاکار ’مریخ‘ جیسے ماحول میں 378 دن گزارنے کے بعد واپس آ گئے

ایسا ہی ایک حیران کن واقعہ 2024ء میں پیش آیا، جب امریکی خلائی ادارے ناسا کی مریخ گاڑی ’کیوروسٹی‘ نے 899 کلو گرام وزنی اپنے جسم کے ساتھ گیل کریٹر کے علاقے میں واقع ’گیڈیز ویلیس چینل‘ میں موجود ایک بظاہر عام پتھر کو کچل دیا۔

دباؤ پڑنے سے جب پتھر ٹوٹا تو اس کے اندر موجود ہلکی زرد رنگت کی چمک نے ناسا کے سائنس دانوں کو حیران کر دیا۔

ابتدائی مشاہدے کے مطابق یہ انتہائی خالص عنصری گندھک (Elemental Sulfur) کے ذرات تھے، جنہیں عام طور پر سلفر یا گندھک کہا جاتا ہے۔

اگرچہ مریخ پر سلفیٹس نسبتاً عام ہیں، لیکن یہ پہلا موقع تھا جب اس سرخ سیارے پر یہ خالص عنصری شکل میں دریافت ہوا، حیران کن بات یہ تھی کہ اردگرد کی زمین بھی اسی نوعیت کے مزید پتھروں سے بھری ہوئی تھی۔

ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری سے وابستہ کیوروسٹی مشن کے سائنس دان اشون واساواڈا نے اس وقت کہا تھا کہ خالص گندھک سے بنے پتھروں کا پورا میدان دریافت کرنا ایسا ہی ہے جیسے صحرا میں کوئی نخلستان مل جائے۔

اب دو نئی سائنسی تحقیقات میں اس غیر معمولی ذخیرے کی تشکیل کے ممکنہ طریقہ کار اور قدیم مریخی ماحول کے بارے میں اس سے ملنے والی معلومات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

مریخ پر گندھک کا وسیع ذخیرہ کیسے وجود میں آیا؟
جون 2026ء میں سائنسی جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں واشنگٹن یونیورسٹی کے سائنس دان اسکاٹ وان بومل کی سربراہی میں محققین کی ٹیم نے گندھک سے بھرپور ان پتھروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ دریافت ابتدائی اندازوں سے بھی زیادہ غیر معمولی تھی۔

محققین نے اس علاقے کی کیوروسٹی کی جانب سے لی گئی تصاویر کا مطالعہ کیا، ساتھ ہی ان آلات سے حاصل ہونے والے کیمیائی تجزیوں کا بھی جائزہ لیا جن کے ذریعے مریخ پر گندھک کی موجودگی کا پتہ چلا تھا۔

نتائج سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ گندھک کی مقدار اور پھیلاؤ سے متعلق ابتدائی اندازے درست تھے، یہ ذخائر تقریباً 2 ہزار 100 مربع میٹر کے رقبے میں بکھرے ہوئے تھے۔

خالص گندھک سے بنا ایک پتھر ہی غیر معمولی دریافت تھا، لیکن اتنے وسیع علاقے میں اس نوعیت کے متعدد پتھروں کی موجودگی نے سائنس دانوں کو مزید حیران کر دیا۔

ارضیاتی شواہد کی بنیاد پر محققین کا اندازہ ہے کہ گندھک کے یہ ذخائر تقریباً 3 ارب 10 کروڑ سے 2 ارب 80 کروڑ سال پہلے وجود میں آئے تھے۔

ناسا سے وابستہ ماہرِ ارضی کیمیا اور اس تحقیق کی مشترکہ قیادت کرنے والے جیف برجر کا کہنا ہے کہ یہ تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ یہ پتھر اتنے طویل عرصے سے وہاں موجود ہیں اور اس دوران ان میں کیمیائی تبدیلی نہ ہونے کے برابر ہوئی ہے۔

مریخ پر خالص گندھک بننے کا دوسرا ممکنہ طریقہ
مریخ پر عنصری گندھک کی تشکیل کا یہ واحد ممکنہ طریقہ نہیں ہے، جولائی 2026ء میں سائنسی جریدے ’جیو فزیکل ریسرچ لیٹرز‘ میں شائع ہونے والی ایک الگ تحقیق میں کارنیل یونیورسٹی کی ماحولیاتی سائنس دان جیاوے وانگ کی سربراہی میں محققین نے یہ جانچنے کی کوشش کی کہ آیا پانی میں ہونے والا کوئی کیمیائی تعامل بلند درجۂ حرارت یا جانداروں کی موجودگی کے بغیر بھی خالص گندھک پیدا کر سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے محققین نے سلفائیڈ (Sulfide) کے محلول کو کلوریٹ (Chlorate) نامی مرکب کے ساتھ ملایا، کلوریٹ کلورین اور آکسیجن پر مشتمل ایک کیمیائی مرکب ہے، جس کے قدیم مریخ پر موجود ہونے کا امکان ظاہر کیا جاتا ہے۔

اس تجربے میں دونوں مادوں کو تیزابی پانی میں کمرے کے معمول کے درجۂ حرارت پر ملایا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس کیمیائی تعامل کے نتیجے میں خالص عنصری گندھک بن سکتی ہے یا نہیں۔

مزید پڑھیں:مختلف شہروں میں خشک سالی کا شدید خطرہ، ہائی الرٹ جاری

تجربے کے نتائج بالکل توقع کے مطابق سامنے آئے اور اس کیمیائی تعامل کے نتیجے میں عنصری گندھک کے ننھے زرد رنگ کے قلمی ذرات بن گئے۔