ملک میں بڑھتی ہوئی پیٹرول کی قیمتوں سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں اب نئی مہنگی الیکٹرک گاڑی خریدنے کے بجائے مہران، بولان، کلٹس، آلٹو اور میرا جیسی پرانی گاڑیوں کو باآسانی مکمل الیکٹرک گاڑی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جس سے روزانہ کے ایندھن کے اخراجات میں حیرت انگیز کمی واقع ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں قائم مقامی اسٹارٹ اپ ’ای وی اسکور‘ (EV Score) نے پرانی پیٹرول گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور اب تک راولپنڈی اور اسلام آباد کے صارفین کے لیے پندرہ سے زائد گاڑیاں تیار کی جا چکی ہیں۔ کمپنی حکام کے مطابق یہ سفر 2020 اور 2021 میں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ انٹرنشپ اور مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیاری (انڈیجنائزیشن) کے منصوبوں سے شروع ہوا، جس کے بعد 2022 میں اس باقاعدہ اسٹارٹ اپ کی بنیاد رکھی گئی۔ اس عمل میں صرف اے-سیگمنٹ (A-segment) کی ایسی گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں جن کا ڈھانچہ (چیسز) مضبوط اور قابلِ استعمال حالت میں ہو اور ان میں مینوئل گیئر باکس موجود ہو، کیونکہ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ موٹر کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
گاڑی کی تبدیلی کے مرحلہ وار طریقہ کار کے مطابق سب سے پہلے گاڑی کے چیسز اور ٹرانسمیشن کا تفصیلی معائنہ کیا جاتا ہے، جس کے بعد گاڑی کا پرانا پیٹرول انجن، ریڈی ایٹر، فیول ٹینک، اسٹارٹر موٹر اور ایگزاسٹ پائپ مکمل طور پر نکال دیے جاتے ہیں۔ اس کے بعد لیتھ مشین پر ایک مخصوص اڈاپٹر پلیٹ اور شافٹ تیار کر کے دس کلو واٹ (10 kW) کی الیکٹرک موٹر کو گاڑی کے اصل مینوئل گیئر باکس کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔ گاڑی میں ہائی وولٹیج اور واٹر پروف وائرنگ بچھانے کے بعد پچھلے حصے میں بہتر معیار اور طویل عمر کی حامل ’لیتھیم آئرن فاسفیٹ‘ بیٹریاں نصب کی جاتی ہیں جو زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اور یہ پورا عمل تقریباً دو ہفتوں میں مکمل کر لیا جاتا ہے۔
صارفین کی ضرورت کے پیش نظر کمپنی دو مختلف ویرینٹس پیش کر رہی ہے جن میں پہلا ویرینٹ 15 کلو واٹ آور بیٹری کے ساتھ ایک چارج پر 150 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتا ہے اور اس کی لاگت 8 لاکھ 70 ہزار روپے ہے، جبکہ دوسرا ویرینٹ 23 کلو واٹ آور بیٹری کے ساتھ 230 سے 240 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرتا ہے جس کی قیمت ٹیکسی ڈرائیوروں کی سہولت کے لیے کم کر کے 9 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ ان گاڑیوں کو گھر یا دفتر کے کسی بھی عام 220 وولٹ کے تھری پن ساکٹ سے چارج کیا جا سکتا ہے، جس پر 150 کلومیٹر والا ماڈل چھ گھنٹے اور 200 سے زائد رینج والا ماڈل سات سے آٹھ گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتا ہے، جبکہ اس کا گیئر سسٹم سیمی آٹومیٹک کی طرح کام کرتا ہے اور گاڑی تیسرے گیئر میں ہی اسٹارٹ ہو کر سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک باآسانی چلتی ہے۔
اس منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ آن لائن ٹیکسی سروسز (ان ڈرائیو اور یانگو) سے وابستہ ڈرائیور حضرات اٹھا رہے ہیں۔ گاڑی تبدیل کروانے والے ایک ٹیکسی ڈرائیور نے اپنے تجربے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے پیٹرول اور سی این جی پر ان کا روزانہ کا خرچ پانچ سے ساڑھے پانچ ہزار روپے آتا تھا اور ماہانہ آمدن کا بڑا حصہ ایندھن میں نکل جاتا تھا، تاہم اب گاڑی کو مکمل چارج کرنے پر صرف 1200 سے 1300 روپے لاگت آتی ہے جس سے ان کی خالص ماہانہ بچت 50 سے 70 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے اور گاڑی بغیر کسی شور یا شکایت کے بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔








