پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا ماضی بڑا دردناک رہا ہے جہاں ماضی کی حکومتوں نے ناقص کارکردگی دکھائی اور عوام کے ساتھ بے حسی والا سلوک کیا، تاہم اب ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے ازراہِ مذاق کہا تھا کہ کامیابی کے بعد وہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم بن جائیں، اور آج جب افتخار گیلانی وزیراعظم ہیں تو وہ خود کو وزیراعظم سمجھ رہے ہیں کیونکہ جو عوامی خدمت کا جذبہ ان کے اندر ہے وہی جذبہ افتخار گیلانی میں بھی نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی توجہ ہمیشہ ترقی پر مرکوز رہی ہے اور وہ آزاد کشمیر میں کئی میگا پراجیکٹس لانا چاہتے تھے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ملک سے 18 سے 20 گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، بجلی کے نئے کارخانے لگائے اور ریکارڈ مدت میں توانائی کے بحران پر قابو پایا۔
اپنے دورِ حکومت کی معاشی اور ترقیاتی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خدا حافظ کہہ دیا تھا لیکن گزشتہ حکومت اسے واپس لے آئی، جبکہ ان کے دور میں ڈالر 104 روپے پر مستحکم تھا اور لواری ٹنل کا اہم منصوبہ بھی ان کے دور میں مکمل ہوا تاہم انعام کے طور پر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس جماعت کی خیبرپختونخوا میں 15 سال حکومت رہی ہے اس نے عوام کے لیے کیا کام کیا ہے؟ نواز شریف نے زور دیا کہ ہر سیاسی جماعت کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جانا چاہیے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ دیگر تمام جماعتوں سے بہتر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ شہباز شریف پوری ہمت اور محنت سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ آزاد کشمیر میں بھی موٹروے کا جال بچھایا جائے اور وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے موٹروے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کریں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں جو اچھے ترقیاتی کام کیے تھے آج مریم نواز اسی مشن کو آگے بڑھا رہی ہیں، جس پر وہ شہباز شریف کے ساتھ ساتھ مریم نواز کو بھی شاباش دیتے ہیں۔








