بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ سروس جزوی متاثر

اسلام آباد: بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس جزوی تعطل کا شکار ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر صارفین کو متبادل ذرائع سے بلا تعطل سروس کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹمز میں سے ایک اہم کیبل SEA-ME-WE-5 (SMW5) میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر خرابی کی نشاندہی ہوئی ہے۔ اس تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیویٹی کے مسائل اور براؤزنگ کی رفتار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

متعلقہ آپریٹر ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) کی جانب سے خرابی کی اصل وجہ معلوم کرنے اور مرمتی عمل مکمل کر کے انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے ایس ایم ڈبلیو فائیو کنسورشیم کے ساتھ مسلسل رابطہ جاری ہے۔ اس دوران صارفین پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کو کم سے کم رکھنے اور سروس کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اتھارٹی تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی معمول کے مطابق جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔