بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: بیوی اور سالے کو فائرنگ سے قتل کر کے شوہر نے خودکشی کر لی

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گھریلو تنازع نے 3 زندگیاں نگل لیں جہاں بیوی اور برادر نسبتی کو فائرنگ سے قتل کرکے شوہر نے خود کشی کرلی۔

افسوسناک واقعہ لانڈھی مظفر آباد کالونی میں پیش آیا۔ جاں بحق افراد میں ناصر، اس کی اہلیہ مسماۃ اسماء اور برادر نسبتی محمد احسن شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق مقتولہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا جس کی 15 سال پہلے شادی ہوئی اور وہ 3 بچوں کی ماں تھی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون علیحدگی کے باعث اپنے والدین کے گھر مظفر آباد کالونی میں رہائش پذیر تھی جہاں آج صبح شوہر اس کے گھر آ پہنچا اورآتے ہی بیوی اوربرادر نسبتی پر فائرنگ کردی جس کے بعد ان نے خود کشی کرلی۔

کرائم سین انویسٹی گیشن کی ٹیم نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کر لئے جہاں سے 30 بور پستول اور 11 خول ملے جس کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔

واقعہ سے متعلق خاتون کے والد محمد عارف نے بتایا کہ یہ واقعہ آج صبح 9 بجے کے قریب پیش آیا۔

محمد عارف کے مطابق واقعہ کے وقت وہ گھر کے باہر بیٹھا جبکہ بیٹا احسن کمرے میں سو رہا تھا کہ اسی دوران میرا داماد گھرپہنچ گیا۔

شور سن کر میرا بیٹا کمرے سے باہر آیا تو داماد نے اس کے سر پر گولی مار دی پھر اس نے میری بیٹی کو گولی ماری اور اس کے بعد اپنی جان بھی لے لی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میری بیٹی کی 16 سال قبل شادی ہوئی اور ان کے 3 بچے تھے،میرا داماد پہلے کمپنی میں ٹھیکیداری کرتا تھا اور آج کل بے روزگار تھا۔

داماد میری بیٹی سے مساج سینٹر میں کام کراتا تھا جس کی وجہ سے وہ گھر آ گئی تھی جبکہ بیٹا احسن گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا تھا۔

مزید پڑھیں:’شادی کروں گا تو دھوم دھام سے‘، عاصم اظہر نے افواہوں کی تردید کر دی

عارف نے الزام لگایا کہ میرا داماد ناصر ہمیں پہلے بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا ہے جس کی پولیس کو بھی درخواستیں دی تھیں مگر انہوں نے ناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔