بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شہباز شریف کو دو بار وزیراعظم بنوایا، چاہتا ہوں پانچ سال پورے کریں: بلاول

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنوایا اور وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف بطور وزیراعظم اپنی آئینی مدت کے پانچ سال پورے کریں، تاہم انہیں معاشی مسائل پر توجہ دینے کا موقع ہی نہیں دیا جا رہا۔

ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، لیکن جب بھی وہ معاشی مسائل پر توجہ دینے کی کوشش کرتے ہیں تو کوئی نہ کوئی وزیر اٹھ کر اپنا الگ ایجنڈا سنا دیتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سیاستدانوں نے عوام کے اصل مسائل پر بات کرنا چھوڑ دیا ہے اور عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہو گئی ہے، جبکہ پوری دنیا میں موجودہ بحران کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے فارورڈ پلاننگ کی جا رہی ہے۔

خطے کی صورتحال اور مہنگائی پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران جنگ کے اثرات ہم سب کو اٹھانے پڑ رہے ہیں اور اس کی وجہ سے عوام کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے، انہوں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا اور جب تک خطے میں امن کا کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا اور جنگ ختم نہیں ہوتی، عوام کو مشکلات کا سامنا رہے گا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں حالات مزید مشکل ہوں گے اور کھاد کا حصول بھی دشوار ہو جائے گا، ایسے میں عوام کے کندھوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

زرعی شعبے اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں 90 فیصد کردار چھوٹے زمینداروں اور کاشت کاروں کا ہے، جن کی مدد کے لیے پیپلز پارٹی نے بینظیر ہاری کارڈ متعارف کرایا اور کاشت کاروں کو 4 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جا رہی ہے۔ انہوں نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو 8 ہزار روپے فراہم کرنے کے فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہی طریقہ کار ہے کہ معاشی بحران میں عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے اور ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔