اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے جامع قومی جائزہ مکمل کر لیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنرایبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کا جائزہ لیا گیا اور وزارت قانون و انصاف نے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر یہ جامع رپورٹ مرتب کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ رپورٹ کسی ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ اصلاحات اور بہتری کے لیے ایک حفاظتی و انتظامی اقدام ہے، جس کا مقصد شفافیت، میرٹ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، جبکہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یہ رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے اور اسے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا۔
وزیر قانون نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قومی جائزے کے تحت 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا جن میں ایف بی آر، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان ریلوے، این ایچ اے، سوئی ناردرن اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں شامل ہیں، جبکہ 10 اداروں کے بارے میں 300 سے زائد انڈیکیٹرز کی بنیاد پر کارکردگی، مالیاتی نظام اور انتظامی کمزوریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تجویز کردہ تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات میں سے 146 اقدامات 2 سال میں مکمل کیے جائیں گے، 159 اقدامات پر 5 سال میں عملدرآمد ہوگا جبکہ 91 اقدامات طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مشتمل ہیں، جن پر عملدرآمد کی پیش رفت وقتاً فوقتاً عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔
معاشی اور مالیاتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی اور اصلاحات سے 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ پی آئی اے کی اوپن آکشن اور مسابقتی بولی کے ذریعے نجکاری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کا عمل جاری ہے، پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کر کے ملازمین کے لیے پیکج مرتب کیا گیا ہے اور پاسکو کی بندش کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے 3200 ارب روپے کا مالیاتی پیکج متعارف کرایا گیا ہے اور متوسط طبقے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔
ٹیکس نظام اور ڈیجیٹائزیشن پر بات کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں ٹیکس وصولیوں میں تقریباً 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا اور مجموعی حجم 9400 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے 13 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسٹمز میں شکایات کے ازالے کے لیے فیس لیس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، ایف بی آر کے آڈٹ نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کے لیے وزیراعظم نے اپنا صوابدیدی اختیار چھوڑ کر چیف جسٹس پاکستان، فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور آزاد مالیاتی ماہرین کی مشاورت سے میرٹ پر تقرریاں کیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے، وفاقی حکومت ای آفس کے ذریعے پیپر لیس نظام پر منتقل ہو چکی ہے، سرکاری خریداریوں کی نگرانی ای پیڈز کے ذریعے مضبوط بنائی جا رہی ہے اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی وصولی مکمل الیکٹرانک کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنشن نظام میں شفافیت کے لیے نادرا کے ذریعے تصدیقی عمل شروع کیا گیا ہے، بی آئی ایس پی اور سبسڈی کی ادائیگیوں کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے بجائے ڈیجیٹل والیٹس متعارف کرائے گئے ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین کے اثاثوں کے گوشوارے ظاہر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔








