پشاور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ جہاں کھڑی ہے وہیں رک جائے اور سیاست میں مداخلت ترک کر کے اپنے دائرے میں رہے، بصورتِ دیگر جے یو آئی سڑکوں پر نکل آئے گی اور ضرورت پڑی تو جیلوں کا رخ بھی کرے گی۔
پشاور میں نمازِ جمعہ کے اجتماع کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر انہیں نہ روکا گیا تو وہ سڑکوں پر نکل آئیں گے اور جیلوں کا رخ کریں گے، جن کی جیلیں بھر جائیں گی مگر جے یو آئی کے کارکنان ختم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں لیکن جن قوتوں نے جے یو آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی ہیں، ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا کیونکہ ان کی پشت پر سو سال سے زائد کی تاریخ ہے جس کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کارکنوں اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو چھیڑو مگر ہمیں مت چھیڑو ورنہ جان چھڑانا مشکل ہو جائے گی، ان کے پاس اسلحہ یا ڈنڈے نہیں ہیں بلکہ وہ پرامن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں اور نہتے ہاتھوں سے اسلحے اور حکومتی طاقت رکھنے والوں کو شکست دیں گے۔
پشاور:قائد جمعیۃ مولانا فضل الرحمٰن مدظلہ کا مفتی محمود مرکز میں کارکنان سے مختصر خطاب https://t.co/NX95IutyE7
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 20, 2026
مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ اس حکومت کو بنے ڈھائی سال ہو گئے ہیں اور یہ ان کی منتیں کرتے رہے کہ حکومت میں شامل ہو جائیں اور کہتے رہے کہ ان کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی حتیٰ کہ صوبائی حکومت لینے کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم جب انہوں نے جعلی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار کیا تو فائلیں کھولنے کی دھمکی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ فائلیں ان کے منہ پر ماریں گے، جتنا زور لگا سکتے ہیں لگا لیں کیونکہ ان کے حوصلے بلند ہیں۔
مفتی محمود مرکز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کبھی گھر کے سامنے کھڑے جنریٹر ہٹانے کا کہا جاتا ہے تو کبھی کیبن کی بات کی جاتی ہے اور کبھی مرکز آ کر کہا جاتا ہے کہ یہ تجاوزات میں ہے، حالانکہ مفتی محمود مرکز تجاوزات میں نہیں بلکہ اصل تجاوزات وہ ہیں جو ہماری سیاست میں مداخلت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا پاکستان کی سیاست سے کیا کام ہے، اپنے دائرے میں رہیں؛ آپ خیبرپختونخوا کے معدنی ذخائر چوری کرتے ہیں اور جب ہم نے یہ چوری آشکار کی تو ناراض ہو گئے۔ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ وہ نہ صرف اپنے بلکہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے حقوق کا بھی تحفظ کریں گے، انہیں صرف چور نہیں بلکہ اس کا مرکز بھی معلوم ہے اور وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹے رہیں گے۔








