بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری میں ثقافت اور مکالمے کا اہم کردار ہے: مصدق ملک

نئی دہلی: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں ثقافت (کلچر) کا انتہائی اہم اور علاقائی کردار ہے، اور دونوں ممالک باہمی مکالمے اور ایک دوسرے کے سوچ و بچار کو سمجھے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایس سی او( سِویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم ) کانفرنس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ثقافتی روابط خطے کی سطح پر نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور یہ باہمی مفاہمت کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک دونوں اطراف کے لوگ ایک دوسرے کی سوچ، احساسات اور نقطہ نظر کو نہیں سمجھ پائیں گے، اس وقت تک مسائل کا حل ممکن نہیں، اور صرف بامعنی ڈائیلاگ ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے دونوں ممالک تعلقات میں بہتری لاتے ہوئے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

یاد رہے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سِویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لئے آج ہی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچے تھے۔

یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کی جانب سے گزشتہ 3 سالوں سے زائد عرصے میں بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل مئی 2023 میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں منعقدہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کی تھی۔ ان کا یہ دورہ بھی کسی پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے 11 سال بعد کیا گیا تھا۔

یہ دورہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ مئی 2025 میں دونوں پڑوسیوں کے درمیان فوجی کشیدگی کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ یہ تنازع دونوں ممالک کے درمیان تاریخی طور پر سرد تعلقات میں مزید سردمہری کا باعث بنا۔

پاکستان ہائی کمیشن انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ناظم الامورسعد وڑائچ نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا نئی دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ایس سی او سویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کی جس میں رکن ممالک کے مشترکہ تہذیبی ورثے اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فورم میں پاکستانی وفد کی شرکت کا مقصد علاقائی تہذیبی ورثے کے فروغ اور ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں ایس سی او کے پلیٹ فارم پر مکالمے اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت باہمی احترام کے جذبے کے تحت تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

اس فورم کی تجویز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ستمبر 2025 میں چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے ایس سی او سربراہان مملکت کے اجلاس میں پیش کی تھی۔ بعد ازاں بھارت نے پہلے اجلاس کی میزبانی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سمیت تنظیم کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی تھی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک پریس بریفنگ میں تصدیق کی تھی کہ ایس سی او کے رکن ممالک کو دعوت نامے بھیج دیے گئے ہیں اور نئی دہلی اس اجلاس کی میزبانی کا منتظرتھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ برسوں میں اعلیٰ سطح کے رابطے زیادہ تر ایس سی او کے پلیٹ فارم تک محدود رہے ہیں۔

مئی 2023 میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی شہر گوا میں ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ وہ تقریباً 11 سال بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے سینئر پاکستانی عہدیدار بنے تھے۔

اس کے بعد اکتوبر 2024 میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اسلام آباد میں ایس سی او سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ یہ تقریباً ایک دہائی بعد کسی بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا تاہم بلاول بھٹو زرداری اور ایس جے شنکر کے ان دوروں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے تھے۔

حال ہی میں ستمبر کے آخری ہفتے میں بھارت کے ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر آلوک دیمری نے آئندہ سربراہان مملکت کے اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان کے پاس 2027-2026 کے لیے ایس سی او کے سربراہان مملکت کی کونسل کی صدارت ہے اور اگلے سال اگست میں اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔