لاہور: شدید دھند کے باعث موٹروے ایم تھری اور ایم فور کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جبکہ موٹروے(Motorway) پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جبکہ حد نگاہ میں بہتری کے بعد ایم ون پشاور ٹال پلازہ سے اسلام آباد تک تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے ۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق ایم تھری پر رجانہ سے درخانہ تک دھند کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے، تاہم رجانہ سے لاہور تک موٹروے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک بند کردی گئی ہے، جبکہ عبدالحکیم سے شیر شاہ تک دونوں اطراف سے آمدورفت جاری ہے۔
مزیدپڑھیں:کراچی، فوڈ ایگ 2026 کا افتتاح، 72 ممالک کے 820 مندوبین شریک
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے، دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دی جائے۔ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کریں۔ غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں، جبکہ فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز بھی درست حالت میں رکھیں۔








