بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیکٹ چیک: سوشل میڈیا کلپس بلاول کے انٹرویو کی غلط تصویر پیش کرتے ہیں

مکمل انٹرویو میں دونوں مواقع پر بلاول بھٹو زرداری کے بیانات نشر کیے جانے کی تصدیق ہوتی ہے، جبکہ ان کے جوابات روکنے یا آواز دھیمی کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

فیکٹ چیک 24 نومبر ، 2026
18 نومبر کونجی چینل کے پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انٹرویو کے بعد پارٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے چینل پر الزام عائد کیا گیا کہ ان کے بعض جوابات یا تو نشر نہیں کیے گئے یا ان کی آواز دھیمی کر دی گئی۔

یہ الزامات انٹرویو کے دو حصوں سے متعلق تھے، ایک موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے نجی چینل پر سیاسی جانبداری کا الزام عائد کیاجبکہ دوسرے موقع پر کراچی کی اہم شاہراہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کا ٹھیکہ فوج کے زیر انتظام ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو دیے جانے سے متعلق گفتگو کی۔

ویڈیو میں بلاول بھٹو زرداری مذکورہ چینل پر اپنی جماعت کے خلاف جانبداری برتنے اور حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ میزبان صحافی خاموشی سے ان کی بات سنتے اور سر ہلاتے نظر آتے ہیں۔

اس ویڈیو کے ساتھ شائع کیے گئے پیغام میں پیپلز پارٹی نے الزام لگایا کہ انٹرویو کے اس حصے کے دوران چینل نے ان کے چیئرمین کی آواز دھیمی کر دی تاکہ ناظرین ان کی بات نہ سن سکیں۔

حقیقت: دونوں الزامات بے بنیاد ہیں، فیکٹ چیک سے گفتگو ڈائریکٹر پروگرامنگ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں فوٹیج انٹرویو کے دیگر حصوں سے لے کر بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کے ساتھ جوڑی گئی، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سےچینلپر جانبداری کے الزام کے دوران میزبان مکمل خاموش رہے۔

مکمل انٹرویو کا جائزہ لینے اور اس دوران صحافیکے ہاتھوں کی حرکات کا موازنہ کرنے سے بھی اس بات کی تصدیق ہوتی ہے۔

میزبان کی یہ فوٹیج انٹرویو کے دو الگ الگ حصوں سمیت دیگر مواقع سے لی گئی تھی، ان میں ایک حصہ 21:03 منٹ پر شروع ہوتا ہے، جب بلاول بھٹو زرداری خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے امکان پر بات کر رہے تھے، جبکہ دوسرا حصہ 30:51 منٹ پر نشر ہوا، جب وہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کے مطالبات پر گفتگو کر رہے تھے۔

اس کے برعکس، چینل پر جانبداری کے الزام سے متعلق اصل گفتگو میں صحافی کو اس الزام کی تردید کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہچینل حکمراں جماعت کے ساتھ کھڑا نہیں ہے۔

اسی طرح اس بات کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا کہ بلاول بھٹو زرداری کی آواز دھیمی کی گئی تھی، مکمل انٹرویو میں چینل سے متعلق گفتگو سمیت ان کے بیانات واضح طور پر سنے جا سکتے ہیں۔

دعویٰ: سوشل میڈیا کے متعدد صارفین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کراچی کی اہم شاہراہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کا ٹھیکہ فوج کے زیر انتظام ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو دیئے جانے سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو انٹرویو کے دوران یا تو نشر نہیں کیا گیا یا دانستہ طور پر ان کی آواز دبا دی گئی۔

پیپلز پارٹی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بھی ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جسے پارٹی نے یونیورسٹی روڈ سے متعلق سوال پر اپنے چیئرمین کا مکمل جواب قرار دیا۔

مزید پڑھیں:بجلی کمپنیاں کرپٹ ترین ادارے، ایف بی آرکا دوسرا نمبر، قومی جائزہ رپورٹ

حقیقت: یہ دعویٰ بھی غلط ہے، مکمل انٹرویو کا جائزہ لینے سے تصدیق ہوتی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا جواب، بشمول ایف ڈبلیو او کا ذکر، نجی نیوزچینل پر نشر کیا گیا تھا، ان کی آواز واضح طور پر سنائی دیتی ہے اور نہ ہی ان کی آواز دھیما کیے جانے یا آڈیو کو کسی طرح دبانے کے شواہد ملے۔